مواد پر جائیں
تازہ ترین
اہم خبریں

راولپنڈی میں رنز کا طوفان،سری لنکا نے آخری اوور میں فتح چھین لی

تحریر: muhammadaamiraa49@gmail.com پڑھنے کا وقت: 2 منٹ 3
راولپنڈی میں رنز کا طوفان،سری لنکا نے آخری اوور میں فتح چھین لی
راولپنڈی میں رنز کا طوفان،سری لنکا نے آخری اوور میں فتح چھین لی

راولپنڈی میں رنز کا طوفان،سری لنکا نے آخری اوور میں فتح چھین لی-پاکستان میں جاری ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا نے 430 رنز کا مشکل ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔

جو روٹ نے 69 رنز بنائے، جبکہ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹام بینٹن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

430 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پون رتھنائیکے نے 106 گیندوں پر 130 رنز بنائے، جبکہ اویشکا فرنینڈو نے 83 گیندوں پر 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

داسن شناکا نے صرف 50 گیندوں پر 97 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ جنتھ لیانگے نے بھی آخری لمحات میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر ناقابلِ شکست 61 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیم کرن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم انگلش بولرز بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا نے 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کی جارحانہ بیٹنگ اور آخری اوورز کے سنسنی خیز کھیل کے باعث یادگار رہا۔

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں