آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر حملہ،2 اہلکار جاں بحق
آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر حملہ،2 اہلکار جاں بحق
آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر حملہ،2 اہلکار جاں بحق-آبنائے ہرمز میں سعودی عرب کے آئل ٹینکر کو پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے۔ سعودی وزارت خارجہ نے واقعے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے، تاہم ایرانی حکام نے اس حوالے سے مختلف مؤقف پیش کیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق متاثرہ بحری جہاز ایس آئی ڈی آر (SIDR) تھا، جو 31 اگست کو آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا کہ اسے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے میں جہاز پر موجود دو فلپائنی عملے کے ارکان جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے سعودی مؤقف سے مختلف دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز مقررہ بحری راستے کی خلاف ورزی کے باعث بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایرانی حکام نے شمالی خلیج فارس میں ایک اور کارروائی کی بھی اطلاع دی ہے۔ ایرانی بارڈر گارڈز کے مطابق کارروائی کے دوران اسمگل شدہ ایندھن سے لدا ایک بحری جہاز تحویل میں لیا گیا، جس میں تقریباً 3 لاکھ 82 ہزار لیٹر ایندھن موجود تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران مذکورہ جہاز پر سوار عملے کے 11 غیر ملکی ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
آبنائے ہرمز میں سامنے آنے والے ان واقعات کے بعد خطے میں بحری سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ تجارتی جہازوں کی آمدورفت اور عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل بھی ممکنہ طور پر متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
