پشاور اسکول حادثہ،21 بچے اور خاتون ٹیچر جاں بحق،40 سے زائد زخمی-خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اسکول کی چھت گرنے کے نتیجے میں متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور مزید افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اب تک 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی لاشیں اسپتال لائی جاچکی ہیں۔ حکام کے مطابق 25 زخمی بچوں کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 40 سے تجاوز کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید بچوں اور اسکول کے عملے کی موجودگی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر تلاش اور امدادی آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔





