ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں،محمد اورنگزیب

ٹیکس نظام میں کی جانے والی اصلاحات کے باعث وصولیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر کام کر رہی ہے، جبکہ جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکس وصولیوں کی شرح میں اضافہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نظام میں کی جانے والی اصلاحات کے باعث وصولیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی معیشت کا حجم کم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر مالیت کا دو حصوں پر مشتمل یورو بانڈ جاری کیا ہے، جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی بانڈ ٹرانزیکشن قرار دی جارہی ہے۔ ان کے مطابق یورو بانڈ کا اجرا عالمی ریٹنگ ایجنسیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ساڑھے 5 سال اور 10 سال کی مدت کے یورو بانڈز کے لیے پاکستان کو بہتر قیمت حاصل ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کا اجرا کوئی اچانک یا وقتی فیصلہ نہیں بلکہ تین سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق اپریل 2025 سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں تین مرتبہ بہتری آچکی ہے۔ ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں نے پاکستانی یورو بانڈ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہونا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق یہ اعتماد صرف موجودہ معاشی صورتحال تک محدود نہیں بلکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے مستقبل کو بھی مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes