حکمران فتح کے نشے میں اپنے وعدوں سے مکر گئے،راجہ ناصر عباس-سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکمران فتح کے جشن میں مست ہو کر اپنے وعدوں سے مکر گئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکمران اس وقت فتح کے نشے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو حکمرانوں نے پہلے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کامیابی حاصل کی اور اب خیبر پختونخوا کو بھی فتح کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے بتایا کہ رانا ثناء اللہ سمیت وفاقی وزراء نے ان سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وزیراعظم کی جانب سے خط لکھا جائے گا، تاہم ملاقات کے مقام کا فیصلہ حکومت نہیں کرے گی۔
راجہ ناصر عباس کے مطابق وفاقی وزراء نے کہا تھا کہ ملاقات کی جگہ کا تعین اپوزیشن لیڈر خود کریں گے، لیکن اب حکومتی شخصیات اپنے اس مؤقف سے پیچھے ہٹ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران فتح کے جشن میں اس قدر مصروف ہیں کہ اپنے وعدے بھی بھول گئے ہیں۔





