امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران ایران کی اعلیٰ قیادت سے متعلق بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں 90 فیصد امکان ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اب زندہ نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی بحری، فضائی اور فضائی دفاعی قوت نمایاں طور پر کمزور ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور متعدد اہم رہنما ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں بھی یہی امکان غالب ہے کہ وہ زندہ نہیں رہے۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ ایران کا مؤقف ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای فضائی حملے میں زخمی ہوئے تھے اور زیرِ علاج ہیں۔
یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای حالیہ دنوں اپنے والد کی ایران اور عراق میں ہونے والی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی صحت اور موجودگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔
امریکی صدر کے تازہ بیان پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی نیا سرکاری ردِعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔