خلیجی خطے میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں ایرانی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں قائم امریکی فوجی اڈے کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی۔
اسی دوران اردن کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حدود سے آنے والے چار میزائل اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی مار گرائے گئے۔
ادھر ایرانی ذرائع ابلاغ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں واقع امریکی فوجی اڈے سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب امریکا کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف فضائی کارروائیوں کا تازہ مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں مسلسل تیسرے روز جاری رہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ایران کے بندر عباس، بوشہر، قشم، کیش اور ابو موسیٰ سمیت متعدد علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ وسطی ایران کے شہر امیدیہ میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران بوشہر، چاہ بہار، کونارک، اسک، ابو موسیٰ اور بندر عباس میں موجود فوجی نوعیت کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
تازہ پیش رفت کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ مختلف ممالک حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔