مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی رابطوں کے دوران ایران سے متعلق اہم مالی اور سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عرب میڈیا کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کو 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کے حوالے سے عبوری سطح پر اتفاق رائے قائم ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے مذاکرات میں پیش رفت کے ہر مرحلے کے ساتھ مالی رقم جاری کرنے کی شرط رکھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر مختلف فریقین کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق سلطنتِ عمان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہیں، جن پر متعلقہ ممالک کے نمائندے غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمان کی تجویز پر تفصیلی مشاورت کے لیے مذاکراتی وفود اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے، جس کے بعد آئندہ مرحلے کی بات چیت متوقع ہے۔
تاہم اس پیش رفت سے متعلق متعلقہ ممالک کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔