اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 174 کلومیٹر تھی۔ ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں واقع تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، بونیر اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صرف مستند ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔