کاہنہ میں اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق،کئی زخمی-لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک اکیڈمی کی چھت اچانک گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 14 بچوں کی جان چلی گئی جبکہ متعدد بچے زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت طلبہ ٹیوشن کلاس میں موجود تھے کہ اچانک کمرے کی چھت منہدم ہوگئی، جس سے کئی بچے ملبے تلے دب گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 25 سے زائد بچے اور ایک استاد متاثر ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے بچوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی، جبکہ 8 سے 10 زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ نقصانات کی مکمل تفصیلات امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔