قاتل ڈور نے ایک زندگی نگل لی،شہر کے مختلف علاقوں میں قاتل ڈور اور بسنت سے جڑے متعدد حادثات نے ایک نوجوان کی جان لے لی جبکہ 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ چند ہی گھنٹوں میں پیش آنے والے ان واقعات نے بسنت کے دوران کیے گئے حفاظتی اور انتظامی اقدامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 5 میں موٹر سائیکل پر گھر واپس جانے والے 21 سالہ رافیع تنویر کی گردن پر اچانک پتنگ کی ڈور پھر گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ رافیع کو گردن پر گہرے زخم آئے اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔
اسی دوران گلشن راوی میں تین گھنٹوں کے اندر ڈور پھرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں 45 سالہ شبیر کے چہرے اور ناک پر پتنگ کی ڈور لگ گئی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر ہی متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی۔
بسنت کے دوران دیگر حادثات میں گلشن راوی میں 8 سالہ ارحا کے گلے پر ڈور پھر گئی، لوئر مال کے علاقے میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ عبدالواحد زخمی ہو گیا جبکہ گلشن راوی ہی میں 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے زخمی ہوا۔ راوی روڈ کے علاقے میں چھت سے گرنے کے باعث ثاقب نامی شخص بھی زخمی ہوا۔
بسنت کا سب سے افسوسناک واقعہ سکھ نہر کے قریب پیش آیا جہاں کٹی پتنگ اتارنے کے شوق میں 25 سالہ علی رشید بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ضروری قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔