فیصلہ کن تیسرہ ٹی20،پاکستان کو جیت کے لیے 140رنز کا ہدف
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مؤثر ثابت ہوا۔ میچ کے آغاز میں ہی شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پہلے اوور میں دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔
جنوبی افریقا کے بلے باز ریزا ہینڈرکس، کوربن بوش اور ڈونوان فریرا نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم وکٹوں کے تسلسل نے پروٹیز ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ سے شکست دے دی
مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ریزا ہینڈرکس 34، کوربن بوش 30 اور فریرا 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں — نسیم شاہ اور ابرار احمد کی جگہ شاہین آفریدی اور عثمان طارق کو شامل کیا گیا۔ عثمان طارق آج اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں اور انہیں شاہین شاہ آفریدی نے ڈیبیو کیپ دی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم میں بھی تین تبدیلیاں کی گئیں، جبکہ سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے، اور آج کا میچ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔