وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے ایسے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو موجودہ سفارتی کوششوں اور امن کے لیے ہونے والی پیش رفت کو متاثر کریں۔
انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مثبت سفارتی روابط کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا اور تمام فریقوں کے درمیان مفاہمت کی ہر ممکن کوشش کی حمایت کرے گا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ ایرانی صدر کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے مختلف فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔