پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ-عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر خام تیل مہنگا ہوا، جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر درآمدی ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا، جس کے بعد نئی قیمتیں نافذ العمل ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنی ضرورت کا بڑا حصہ درآمدی تیل سے پورا کرتا ہے، اس لیے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں رد و بدل کا براہِ راست اثر ملکی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔