وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک خاتون کو مصیبت سے بچانے کی کوشش کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ بعد ازاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، اعلیٰ فوجی افسران، ایئر مین، شہید کے اہلِ خانہ اور سول سوسائٹی کے مختلف افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید افسر کی وطن اور عوام کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی قربانی پاک فضائیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ روایات، جرات اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید افسر نے ایک بے گناہ شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان صرف ملکی سرحدوں ہی نہیں بلکہ عوام کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے بھی ہر وقت تیار رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق دو روز قبل اسلام آباد میں مبینہ اغوا کی کوشش کا شکار ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے ملزم کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت سعد عباسی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم اور خاتون ایک ہی دفتر میں ملازمت کرتے تھے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔