بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشتگردوں نے پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں کیا گیا، جہاں گزشتہ رات سے دہشتگردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔
ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کی میتیں ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،
جبکہ دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔