چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی-گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث وادی تھور میں شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
سیلابی ریلے کے نتیجے میں متعدد مکانات، باغات، فصلیں، رابطہ پل اور گاڑیاں متاثر ہوئیں، جبکہ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق سیلابی پانی واپڈا کالونی تک پہنچ گیا، جہاں سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ وادی تھور جانے والی مرکزی شاہراہ مختلف مقامات پر بند ہونے کے باعث مقامی آبادی کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے حکومت سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے، نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن اور بند سڑکوں کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم راستے بند ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔