پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی حدود کی پابندیوں کے باوجود ایک غیرمعمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایئر انڈیا کی ایک مسافر پرواز مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ایوی ایشن حکام صورتحال سے پیشگی آگاہ تھے اور پرواز کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی گئی۔
اطلاعات کے مطابق نئی دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز کو لینڈنگ کے دوران تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کا سامنا کرنا پڑا۔ امرتسر ایئرپورٹ پر رن وے کے معائنے اور فضائی ٹریفک کی صورتحال کے باعث طیارے کو متبادل سمت اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی، جس کے دوران وہ مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو پرواز کی صورتحال اور اس کی مجبوریوں سے آگاہ کر دیا گیا تھا، جس کے باعث کسی قسم کی ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ پاکستانی فضائی نگرانی کے نظام اور متعلقہ اداروں نے طیارے کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھی۔
بعد ازاں طیارہ بھارتی فضائی حدود میں واپس چلا گیا اور امرتسر میں لینڈنگ کے بجائے نئی دہلی کا رخ کیا، جہاں پرواز بحفاظت اتار لی گئی۔
ماہرین کے مطابق خراب موسم، تکنیکی مسائل یا آپریشنل ضروریات کے باعث بعض اوقات مسافر طیاروں کو غیر معمولی فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جن کے لیے بین الاقوامی ہوا بازی کے قواعد کے تحت ضروری رابطہ کاری اور حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔