امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے ایک جہاز کے 22 ایرانی عملے کے ارکان بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں، جن کی جلد ایران واپسی کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان نے امریکی اور ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان افراد کی محفوظ منتقلی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پہنچنے والے ایرانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ایرانی سفارتی حکام کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ چوتھا موقع ہے جب پاکستان نے امریکی تحویل میں موجود ایرانی عملے کے ارکان کی محفوظ وطن واپسی میں سہولت فراہم کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کراچی پہنچنے والے 22 افراد سمیت اب تک 70 سے زائد ایرانی شہری پاکستان کے ذریعے بحفاظت اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے اس موقع پر ایرانی قیادت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ پاکستانی اداروں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے اس انسانی ہمدردی کے عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔