تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا،امریکا کی ایران کو تنبیہ-ایران پر امریکی فضائی کارروائی کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تشدد کا راستہ اختیار کیا جائے گا تو اس کا جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران کو ایم او یو پر عمل درآمد کے طریقۂ کار سے متعلق کوئی اختلاف یا تحفظات ہیں تو وہ براہِ راست رابطہ کرکے بات چیت کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے ایران میں متعدد مقامات پر فضائی کارروائی کی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر مبینہ ڈرون حملے کے بعد کی گئی۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مبینہ مراکز کے ساتھ ساتھ ساحلی ریڈار تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے امریکی کارروائی اور نائب صدر کے حالیہ بیان پر مزید سرکاری ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ خطے کی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔