بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ-شدید گرمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے حساس علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ادارے نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی رکھنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں، مشینری اور ایمرجنسی عملے کو بھی ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہیں۔