روس،یوکرین مذاکرات میں سی آئی اے چیف کے بڑے کردار کا امکان

روس،یوکرین مذاکرات میں سی آئی اے چیف کے بڑے کردار کا امکان- جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تعطل کا شکار سفارتی عمل میں نئی پیش رفت پیدا کرنا بتایا جا رہا

روس،یوکرین مذاکرات میں سی آئی اے چیف کے بڑے کردار کا امکان-روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے جاری امریکی سفارتی کوششوں میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کے کردار میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بعض یورپی ہم منصبوں کو بتایا ہے کہ جان ریٹکلف روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات میں زیادہ فعال کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس ممکنہ تبدیلی کا مقصد طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تعطل کا شکار سفارتی عمل میں نئی پیش رفت پیدا کرنا بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کی مذاکراتی ذمہ داریوں میں کمی پر بھی غور کر رہا ہے۔ دونوں شخصیات اب تک روس اور یوکرین کے ساتھ امریکی مذاکرات میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریٹکلف روس اور یوکرین کے درمیان مسلسل رابطوں پر مبنی سفارتی عمل میں زیادہ نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے انٹیلی جنس حکام سے بھی رابطہ رکھ سکتے ہیں۔

تاہم سی آئی اے کی جانب سے اس دعوے کی تردید کی گئی ہے۔ ادارے کی ترجمان لز لیونز نے رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

وائٹ ہاؤس نے بھی اس خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر امن معاہدے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور صدر ٹرمپ کو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق جان ریٹکلف نے اگست کے اواخر میں ماسکو کا دورہ کیا تھا، جہاں روسی انٹیلی جنس حکام سے یوکرین اور ایران سمیت مختلف علاقائی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ تاہم روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اور ریٹکلف کے درمیان کسی ملاقات کا منصوبہ نہیں بنایا گیا تھا۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات میں نئی حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کر رہی ہے، تاہم مذاکراتی ٹیم میں کسی حتمی تبدیلی کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes