راولپنڈی:بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے عدالتی حکم پر وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کروا دی گئی۔
ملاقات تقریباً تین سے چار گھنٹے جاری رہی، جس میں صحت اور زیر سماعت مقدمات سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کے بلڈ پریشر اور آنکھ سے متعلق مسائل زیر بحث آئے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر خوفناک حد تک زیادہ ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حوصلہ مضبوط ہے اور وہ مکمل طور پر مستعد ہیں۔ ملاقات کے دوران 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی بات ہوئی، تاہم انہوں نے اس گفتگو کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کی تفصیلات تحریری طور پر سامنے لائی جائیں تو تمام معاملات واضح ہو جائیں گے۔





