پاکستان اور سعودی عرب مکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل-مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاع، دفاعی صلاحیتوں میں تعاون اور علاقائی سلامتی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کے لیے اپنے اپنے مراحل مکمل کرچکے ہیں، جبکہ ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل پارلیمانی سطح پر جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاع، دفاعی صلاحیتوں میں تعاون اور علاقائی سلامتی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے ترک پارلیمان میں پیش کیے گئے مشترکہ دفاعی معاہدے کے مسودے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے میں کوئی خفیہ نکات شامل نہیں ہیں۔ ترجمان کے مطابق معاہدے کی توثیق کے لیے ہر ملک کا اپنا آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے، جس کے تحت پاکستان اور سعودی عرب اپنے مراحل مکمل کرچکے ہیں، جبکہ ترکیہ میں اس حوالے سے کارروائی جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ معاہدے کا جو مسودہ منظر عام پر آیا ہے، پاکستان اسے تسلیم کرتا ہے۔ معاہدے کی شقوں کا مقصد کسی تیسرے ملک کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاع اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کسی بیرونی جارحیت کی صورت میں تینوں ممالک باہمی مشاورت اور مشترکہ غور و خوض کے بعد مناسب فیصلہ کریں گے۔ معاہدے کو مشترکہ دفاع، ممکنہ جارحیت کی روک تھام اور خطے میں سلامتی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔





