ایران کا امریکی اڈوں پرحملوںکا دعویٰ،ہیلی کاپٹراورڈرونز تباہ
ایران کا امریکی اڈوں پرحملوںکا دعویٰ،ہیلی کاپٹراورڈرونز تباہ
ایران کا امریکی اڈوں پرحملوںکا دعویٰ،ہیلی کاپٹراورڈرونز تباہ-ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کویت، بحرین، اردن اور عراق میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، تاہم حملوں اور نقصانات سے متعلق مختلف فریقوں کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔
ایرانی فورس کے مطابق اردن میں کیمپ تیتن کے مقام پر موجود امریکی بحریہ کے اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجیوں کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ حملے کے دوران کئی امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے، جبکہ اردن کے پرنس حسن ایئر بیس پر موجود امریکی ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق پرنس حسن ایئر بیس پر حملے میں امریکی پائلٹ اور تکنیکی عملہ بھی نشانہ بنا، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایران نے بحرین میں ایک امریکی فوجی اڈے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب بحرین کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرونز کو کارروائی کے دوران تباہ کردیا گیا۔
اردن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 13 بیلسٹک میزائلوں میں سے 10 کو فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا، جبکہ باقی 3 میزائل آبادی سے دور علاقوں میں گرے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے اردن میں ہونے والے ایرانی حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ واقعے میں کسی امریکی شہری یا فوجی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ایرانی حملوں اور مختلف ممالک کے متضاد بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
