مواد پر جائیں
تازہ ترین
تازہ ترین

معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں،عاصم منیر

تحریر: muhammad aamir پڑھنے کا وقت: 2 منٹ 1
معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں،عاصم منیر
معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں،عاصم منیر
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ملک کو معدنی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش اور مسابقتی منزل بنانا ہمارا مشترکہ قومی مقصد ہے، جبکہ معدنی ترقی کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے لیے کان کنی کے پورے نظام، کانوں اور کان کنوں کو مکمل سکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ پاکستان کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ملک کے اندر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین قائم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی خودمختاری کے حصول کے لیے خام مال کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری کو فروغ دینا ہوگا۔ اب محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرنے کا وقت ہے۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ معدنی وسائل کی ترقی سے حاصل ہونے والے فوائد مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں تاکہ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام محنتی اور باصلاحیت ہیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرکے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں