کراچی:لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی

آتشزدگی کے باعث دو مردوں اور ایک خاتون کی دھویں کے باعث حالت غیر ہوگئی، تاہم فیکٹری میں موجود تمام کارکنوں کو بروقت باہر نکال لیا گیا۔

کراچی:لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی-لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (ای پی زون) میں پرانے کپڑوں کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی کے باعث دو مردوں اور ایک خاتون کی دھویں کے باعث حالت غیر ہوگئی، تاہم فیکٹری میں موجود تمام کارکنوں کو بروقت باہر نکال لیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔ اس وقت کے ایم سی کے 11 فائر ٹینڈرز، دو باؤزر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ ابتدائی طور پر فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر لگی، جس نے بعد ازاں بالائی دو منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فیکٹری میں موجود پرانے کپڑوں کے ذخیرے کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا جبکہ دھویں کی شدت بھی زیادہ ہے۔ صورتحال کے پیش نظر فائر فائٹرز عمارت کے اندر جانے کے بجائے باہر سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فیکٹری کے سیکیورٹی گارڈ کے مطابق دھواں پھیلتے ہی اندر موجود ملازمین فوری طور پر باہر نکل آئے تھے۔ ایس ایس پی ملیر نے بھی تصدیق کی کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور تمام ورکرز کو آگ پھیلنے سے پہلے بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق دھویں سے متاثر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دو مردوں کی بھی دھویں کے باعث حالت غیر ہوئی۔

ای پی زون انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے تحت دیگر کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو متاثرہ علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز کے جوان بھی امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں شریک ہیں۔ متاثرہ فیکٹری کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کرکے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق رینجرز اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فیکٹری میں موجود افراد کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ سے واقعے اور آگ کی صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes