چین کے جنگی ہیلی کاپٹر کا حیران کن فضائی مظاہرہ،ویڈیو وائرل-چین کے زیڈ 10 جنگی ہیلی کاپٹر نے فضائی نمائش کے دوران ایسی حیران کن مہارت کا مظاہرہ کیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ چائنا ہیلی کاپٹر نمائش کے دوران پیپلز لبریشن آرمی کی ایروبیٹک ٹیم نے زیڈ 10 ہیلی کاپٹر کے ذریعے پینڈولم طرز کی منفرد فضائی حرکت پیش کی۔ اس دوران ہیلی کاپٹر ہوا میں ایک مقام پر معلق رہتے ہوئے آگے اور پیچھے جھولتا دکھائی دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ہیلی کاپٹر کی اس غیر معمولی پرواز نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ کئی افراد اس مظاہرے کو کششِ ثقل کو چیلنج کرنے والا کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔
زیڈ 10 چین کا تیار کردہ پہلا مقامی جنگی ہیلی کاپٹر ہے، جو اپنی تیز رفتار حرکات، پھرتی اور پرواز پر غیر معمولی کنٹرول کی صلاحیت کے لیے جانا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مظاہرہ ہیلی کاپٹر کے جدید پروازی نظام اور پائلٹ کی مہارت کا نتیجہ ہے۔





