پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل جیت لیا-فائنل میں گرین شرٹس نے 326 رنز کا ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔ لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں گرین شرٹس نے 326 رنز کا ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ سری لنکن بیٹر کمیندو مینڈس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 128 گیندوں پر 131 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ پون رتھنائیکے 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور سلمان آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور معاذ صداقت 5 جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تاہم فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 127 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 75 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ بعد ازاں عرفان منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ناقابلِ شکست 6 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستان نے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا کر فائنل 3 وکٹوں سے جیت لیا۔ فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ارفات منہاس نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے سیریز میں 149 رنز بنانے کے ساتھ 9 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔





