فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سوڈانی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات-ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سوڈانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں جانب سے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔





