ایران پر حملوں کے لیے عراق کا امریکا کو اپنی سرزمین دینے سے انکار-بغداد: عراق نے ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کی سرزمین کسی پڑوسی ملک پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم علی الزیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو میں بغداد کا مؤقف واضح کیا۔
علی الزیدی کا کہنا تھا کہ عراق تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عراقی سرزمین کو کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف فوجی کارروائی یا حملے کے لیے اڈے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب عراقی وزیر خارجہ نے بھی ایران کے خلاف کسی نئی جنگ کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف نئی جنگ عراق کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ ملک کسی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں۔
عراقی قیادت کے ان بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ بغداد خطے میں مزید فوجی کشیدگی سے بچنا چاہتا ہے اور اپنی سرزمین کو کسی علاقائی تنازع کا حصہ بنانے کے حق میں نہیں۔





