عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی

وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومت کے پہلے 100 دن کے اہداف کے حصول کے لیے مرتب کردہ روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ

عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کے پہلے 100 دن کے اہداف کے حصول کے لیے مرتب کردہ روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان، ایس ایم بی آر سردار ظفر خان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید اور مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز  نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن اور رہنمائی کے مطابق مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت آزادکشمیر میں گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیز کرے گی۔

حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کی مشکلات میں کمی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے 100 دن حکومت کی کارکردگی کا اہم سنگ میل ہیں، اس عرصہ کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن کے ثمرات عام شہری تک پہنچیں۔

تمام محکمے اپنے اہداف کے حصول کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کریں اور مقررہ مدت میں اقدامات کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، صحت، تعمیرات، بلدیاتی نظام، سیاحت، انفراسٹرکچر، روزگار اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کے ازالے اور سروس ڈلیوری کو مؤثر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،

تمام محکمے اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے جلال آباد سے مسلم لیگ ن کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں تصویر اعوان ، خورشید احمد بٹ ، منیر قریشی ، منیب قریشی، اشفاق کاظمی ، عاطف کاظمی ، صداقت کاظمی ، عتیق شاہ ، وسیم ملک ، وصی خان ،، رزاقت خان ، خورشید وانی ، کرن خان ،تابندہ اعوان و دیگر شامل تھے۔

وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کو منصب سنھبالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔

عوامی مسائل حل کریں گے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بناںٔیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اور آزاد کشمیر میں گڈ گورننس قائم کریں گے

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes