ہنّا پرویز بٹ نے اپنے حذف کیے گئے ٹویٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت میں فوری انصاف کی فراہمی سے متعلق تبصرہ کیا تھا، جس پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی۔
بعد ازاں انہوں نے وضاحتی ویڈیو میں کہا کہ ان کا تبصرہ ذاتی رائے تھا، نہ کہ حکومت کے خلاف کوئی چارج شیٹ یا کسی ادارے پر تنقید۔ ان کے مطابق ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی رائے کا اظہار کرنا ان کا حق ہے۔
ہنّا پرویز بٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مؤقف سے بھی احترام کے ساتھ اختلاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی رائے کو ناسمجھی قرار دینا یا اس سے حکومت کی شرمندگی جوڑنا غیر ضروری تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہیں، تاہم اس کے ساتھ اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آزادانہ رائے کا اظہار بھی کر سکتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کی پوسٹ سے حکومت کو شرمندگی ہونے کے تاثر سے وہ اتفاق نہیں کرتیں۔





