عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں-عالمی منڈی میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 2.90 ڈالر اضافے کے بعد 107.51 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 2.27 ڈالر اضافے کے ساتھ 102.32 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ کاروبار کے ابتدائی مرحلے میں دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ اضافہ بھی دیکھا گیا۔
سعودی عرب میں حوثیوں کی جانب سے حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے عالمی توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوبی صوبے جازان میں حوثی حملے کے نتیجے میں بعض گھروں اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔ حوثیوں نے قریبی علاقے میں سعودی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو میزائل نما پروجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور عملے کو اسے خالی کرنا پڑا۔
ایران کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ اس کے ساحل کے قریب ایک ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اور اہم وجہ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش بھی قرار دی جا رہی ہے۔ یہ پائپ لائن جمعہ کے روز عراق سے ہونے والے ڈرون حملے کے بعد بند ہوئی تھی۔ مذکورہ پائپ لائن سعودی عرب کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر تیل کی ترسیل اور برآمد کا متبادل راستہ فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی طویل بندش عالمی تیل کی سپلائی کے لیے اہم خطرہ بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یمنی حوثیوں کی جانب سے باب المندب کے قریب اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوششوں نے بھی عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔
گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی کے بعد پہلی مرتبہ قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کار ٹونی سائکامور کے مطابق اگر عمان میں ہونے والے مذاکرات سے کوئی عملی پیش رفت نہ ہوئی اور سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن جلد بحال نہ ہوسکی تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ ان کے مطابق قیمت مارچ کے اوائل میں ریکارڈ کی گئی 119.48 ڈالر فی بیرل کی بلند سطح کے قریب بھی پہنچ سکتی ہے۔
ادھر عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان عمان میں پیر کو ہونے والی طے شدہ ملاقات ملتوی کردی گئی ہے۔
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے اور سپلائی میں مزید رکاوٹ کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر اضافے کا دباؤ موجود ہے۔
