سیلابی ملبے سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی برآمد
سیلابی ملبے سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی برآمد
سیلابی ملبے سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی برآمد-نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد تباہ ہونے والی ایک بینک عمارت کے ملبے سے بڑی مقدار میں سونا، نقد رقم اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق نیپالی پولیس نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد کرشی وکاس بینک کی تریشولی ڈھونگے شاخ کے ملبے میں موجود لاکرز تلاش کرلیے۔
حکام کے مطابق لاکرز سے تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ نیپالی روپے نقد اور متعدد اہم دستاویزات حاصل ہوئی ہیں۔ برآمد ہونے والی تمام اشیا کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اہلکاروں کو بینک کے تہہ خانے تک پہنچنے کے لیے ملبہ ہٹاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ امدادی کارروائی کے دوران بھاری مشینری بھی استعمال کی گئی، جس کی مدد سے لاکرز کو ملبے سے نکالا گیا۔
نیپال میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ متعدد عمارتیں اور گاڑیاں کئی فٹ ملبے میں دب گئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں کئی بینکوں سمیت دیگر عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید قیمتی سامان کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔
