فلپائن:سیلابی پانی میں جوڑے نے شادی کر لی
فلپائن:سیلابی پانی میں جوڑے نے شادی کر لی
فلپائن:سیلابی پانی میں جوڑے نے شادی کر لی-فلپائن میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باوجود ایک جوڑے نے اپنی شادی ملتوی کرنے کے بجائے گھٹنوں تک بھرے پانی میں ہی شادی کی تقریب منعقد کر دی۔
دارالحکومت منیلا کے سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں پانی جمع ہونے کے باوجود دلہن لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس پہن کر اور ہاتھ میں سفید پھولوں کا گلدستہ تھامے احتیاط سے سیلابی پانی سے گزرتی ہوئی چرچ پہنچیں۔
چرچ میں دلہن اور دولہا گلبرٹ چیکو نے سیلابی پانی کے درمیان شادی کی رسم ادا کی۔ اس موقع پر دونوں نے خراب موسم اور پانی بھرنے کے باوجود اپنی شادی کی تقریب کو یادگار بنانے کا فیصلہ کیا۔
دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ شادی کی تمام تیاریاں مکمل تھیں، اس لیے انہوں نے تقریب ملتوی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں تھی کہ سیلابی پانی سے دلہن کا گاؤن اور ان کا کوٹ بھیگ جائے گا۔
شدید بارشوں کے باعث فلپائن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سیلابی صورتحال برقرار ہے، تاہم اس جوڑے نے مشکل حالات میں بھی اپنی خوشی کے لمحے کو یادگار بنا دیا۔
