بچوں کے اسکول جانے کیلئے 288 میٹر بلند لفٹ تعمیر

بچوں کو گہری وادی سے گوانژائی ولیج پرائمری اسکول تک پہنچنے کے لیے صرف ایک طرف کا سفر پیدل تقریباً 3 گھنٹے میں طے کرنا پڑتا تھا۔

بچوں کے اسکول جانے کیلئے 288 میٹر بلند لفٹ تعمیر-چین کے صوبے یوننان کے ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں طلبہ کو اسکول پہنچنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اور بلند قامت بیرونی لفٹ تعمیر کردی گئی ہے۔

نِژوہے گرینڈ کینین میں 2022 کے دوران 268 میٹر بلند چنگیون لیڈر لفٹ بنائی گئی تھی، جس کا مقصد نِژوہے گاؤں کے بچوں کو خطرناک اور طویل پہاڑی راستے سے نجات دلانا تھا۔ اس سے قبل بچوں کو گہری وادی سے گوانژائی ولیج پرائمری اسکول تک پہنچنے کے لیے صرف ایک طرف کا سفر پیدل تقریباً 3 گھنٹے میں طے کرنا پڑتا تھا۔

لفٹ کے آغاز کے بعد یہ مقام سیاحوں کے لیے بھی خاصی توجہ کا مرکز بن گیا، جس کے نتیجے میں رش بڑھنے لگا اور بعض اوقات اسکول جانے والے بچوں کو بھی لفٹ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔

بچوں کی سہولت اور انتظار کا وقت کم کرنے کے لیے اب پہلی لفٹ کے قریب 288 میٹر بلند فُویاؤ نامی نئی پینورامک لفٹ بھی تعمیر کردی گئی ہے۔ نئی لفٹ پہلے سے زیادہ کشادہ اور تیز رفتار بتائی جاتی ہے۔

نئی سہولت کے بعد لفٹ کے لیے انتظار کا دورانیہ تقریباً نصف رہ گیا ہے۔ اگرچہ بچوں کو اب بھی شٹل اور کیبل کار کے ذریعے سفر کا کچھ حصہ طے کرنا پڑتا ہے، تاہم ان کا اسکول تک مجموعی سفر اب تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔

یوں ایک ایسا پہاڑی سفر جو پہلے صرف ایک طرف ہی تقریباً تین گھنٹے لیتا تھا، نئی سہولیات کے باعث بچوں کے لیے کہیں زیادہ آسان اور مختصر ہوگیا ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes