بھارت کا دورۂ بنگلہ دیش ایک بار پھر مؤخر

دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ وائٹ بال سیریز ستمبر کی موجودہ ونڈو میں نہیں ہو سکے گی، تاہم سیریز ختم کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بھارت کا دورۂ بنگلہ دیش ایک بار پھر مؤخر-بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ وائٹ بال سیریز ستمبر کی موجودہ ونڈو میں نہیں ہو سکے گی، تاہم سیریز ختم کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے کہا ہے کہ بی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ نئی ونڈو تلاش کر رہے ہیں تاکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔ ان کے مطابق دونوں بورڈز اس سیریز کے انعقاد کے لیے سنجیدہ ہیں اور متبادل تاریخوں پر بات چیت جاری ہے۔

تمیم اقبال نے سیریز کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیریز کے انعقاد کے امکانات ختم ہوچکے ہوتے تو وہ اس بارے میں مثبت بات نہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بورڈز کی نیت مثبت ہے اور مناسب وقت تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیش میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی۔ تاہم مصروف بین الاقوامی شیڈول کے باعث موجودہ ستمبر کی ونڈو میں اس سیریز کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔

یہ سیریز پہلے بھی ملتوی ہوچکی ہے۔ بھارت کا بنگلہ دیش دورہ ابتدا میں اگست 2025 میں ہونا تھا، جسے بعد میں ستمبر 2026 تک مؤخر کردیا گیا تھا۔ اب ایک مرتبہ پھر دونوں کرکٹ بورڈز نئی تاریخوں پر غور کررہے ہیں۔

حالیہ سیاسی کشیدگی اور دونوں ممالک کے مصروف کرکٹ شیڈول کے باعث سیریز کے انعقاد پر سوالات اٹھ رہے ہیں، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق فی الحال سیریز منسوخ نہیں کی گئی اور نئی ونڈو تلاش کرنے کا عمل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes