ایران میں گرائے گئے امریکی جنگی طیارے کے اہلکار کی ڈرامائی بازیابی
ایران میں گرائے گئے امریکی جنگی طیارے کے اہلکار کی ڈرامائی بازیابی
ایران میں گرائے گئے امریکی جنگی طیارے کے اہلکار کی ڈرامائی بازیابی-امریکی نشریاتی پروگرام ’60 منٹس‘ نے ایران میں گرائے گئے امریکی جنگی طیارے کے ایک اہلکار کی خطرناک حالات میں بازیابی کی نئی ویڈیو جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ رواں سال اپریل میں پیش آیا، جب امریکی ایف-15 ای طیارہ ایران کے فضائی علاقے میں مار گرایا گیا۔ طیارے میں سوار دونوں اہلکاروں میں سے ایک کو چند گھنٹوں کے اندر تلاش کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا، تاہم دوسرا اہلکار زخمی حالت میں ایرانی پہاڑی علاقے میں تقریباً 50 گھنٹے تک موجود رہا۔
امریکی میڈیا کے مطابق طیارے سے نکلنے کے دوران مذکورہ اہلکار کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ زخمی ہوگیا۔ اس کے بعد اس نے ایرانی فورسز سے بچنے کے لیے پہاڑی علاقے میں پناہ لی اور کئی گھنٹے انتہائی مشکل حالات میں گزارے۔
واقعے کے بعد امریکی فوج نے لاپتا اہلکار کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ امریکی فضائیہ اور اسپیشل فورسز کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں اسے 5 اپریل کو بازیاب کرلیا گیا۔
First on 60 Minutes: Newly declassified video shows the rescue of the U.S. Air Force pilot who was shot down over Iran in April. https://t.co/jGagMqLvCy pic.twitter.com/KxqUITvbAN
— 60 Minutes (@60Minutes) September 14, 2026
’60 منٹس‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن امریکی فوج کے پیچیدہ اور خطرناک سرچ اینڈ ریسکیو مشنز میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں اہلکار کو ایرانی علاقے سے تلاش کرکے نکالنے کے لیے متعدد وسائل استعمال کیے گئے۔
بازیاب ہونے والے امریکی کرنل نے پہلی مرتبہ اپنے تجربات عوام کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ہونے کے باوجود وہ ایرانی علاقے میں تقریباً دو دن تک کیسے زندہ رہا اور امریکی امدادی ٹیم آخرکار اس تک کیسے پہنچی۔
واقعے کی نئی ویڈیو اور تفصیلات سامنے آنے کے بعد ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں اور جنگی حالات میں اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے پیچیدہ آپریشنز سے متعلق مزید معلومات بھی منظرعام پر آگئی ہیں۔
