گوجرانوالہ میں چار سالہ بچی کی ہلاکت کے ایک افسوسناک واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بچی کو کالے جادو اور جنات سے متعلق توہمات کی بنیاد پر آگ لگا دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ اروپ کی حدود میں پیش آیا، جہاں کارروائی کرتے ہوئے بچی کی والدہ، دو بھائیوں اور ایک بہن کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد میں لبنیٰ بی بی، حسیب، منیب اور مزمل بی بی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر تمام مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزمان کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی، تاہم انہیں قابو کر لیا گیا۔
سی پی او گوجرانوالہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنز کی نگرانی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کیس کے ہر پہلو کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے گا اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ذمہ دار ثابت ہونے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔