تہران: ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران کے خلاف سمجھے جانے والے اقدامات کا سلسلہ جاری رہا تو ایران مزید سخت اور فیصلہ کن ردعمل دینے پر مجبور ہو سکتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق علی اکبر ولایتی نے اپنے بیان میں کہا کہ بحرین کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بحرین نے اپنی پالیسی میں تبدیلی نہ کی تو ایران مناسب اقدامات پر غور کرے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحرین میں موجود امریکی بحری اڈے کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ امریکا خطے میں اپنے فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
دوسری جانب بحرین نے ایرانی دعووں اور مبینہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے خلاف قرار دیا ہے۔ بحرینی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ادھر خلیجی ممالک اور عالمی برادری نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دیں تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔