ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنانے کی اے آئی تصویر پرٹرمپ نے الوداع لکھ دیا- ٹرمپ کی اے آئی جنگی تصویر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق اعلان سے قبل سوشل میڈیا پر ایک اے آئی سے تیار کردہ تصویر شیئر کر دی، جس نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
شیئر کی گئی تصویر میں جنگی مناظر اور ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے جبکہ تصویر پر ہسپانوی زبان کا لفظ “Adios” درج تھا، جس کا مطلب “الوداع” یا “بائے بائے” لیا جاتا ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب انہوں نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ جنگ بندی یا ممکنہ پیشرفت سے متعلق اہم بیان جاری کریں گے۔
سوشل میڈیا صارفین اور مبصرین تصویر کے مختلف معنی اخذ کر رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ اس اشارے کا تعلق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ کشیدگی کے خاتمے یا کسی نئی ڈیل سے ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روز سامنے آنے والی سفارتی سرگرمیوں کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی مثبت پیشرفت کا امکان موجود ہے، جس کے باعث ٹرمپ کی تازہ پوسٹ مزید توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
تاحال امریکی صدر کی جانب سے اس تصویر کی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔