عبدالستار ایدھی کے پوتے سعد ایدھی کو گلوبل صمود فلوٹیلا کے دیگر کارکنان کے ہمراہ اسرائیلی حراست سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد تمام کارکنان بحفاظت ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سعد ایدھی کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں سعد ایدھی اور دیگر کارکنان کو اسرائیلی فوج کی حراست سے آزادی مل گئی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق تمام کارکنان اب محفوظ مقام پر موجود ہیں اور ان کی استنبول آمد خیریت سے ہوئی۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا۔
واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا سے وابستہ کارکنان انسانی اور فلاحی سرگرمیوں کے سلسلے میں سرگرم تھے، جبکہ ان کی حراست کی خبر سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔