پنکی کی نشاندہی پر 45 لاکھ روپے سے زائد منشیات برآمد-کراچی میں منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کوکین برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس کے ایک فلیٹ پر کی گئی، جہاں سے برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 45 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف سچل تھانے میں بھی نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا تھا، جہاں سے بھی مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی تھیں۔
تفتیش کے دوران ملزمہ نے متعدد انکشافات کیے، جن میں مبینہ طور پر ماہانہ کروڑوں روپے کی منشیات فروخت، مختلف طریقوں سے اسمگلنگ اور بعض اہلکاروں کو رشوت دینے کے دعوے بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔