فلپائن کی پارلیمنٹ میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی پھیل گئی جب بین الاقوامی فوجداری عدالت کو مطلوب سینیٹر رونالڈ ڈیلا روزا گرفتاری سے بچنے کے لیے سینیٹ کی عمارت میں پناہ گزین ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کے مبینہ مقدمات میں مطلوب سینیٹر کئی روز سے سینیٹ میں موجود تھے، جہاں ان کے خلاف وارنٹ جاری ہونے کے بعد گرفتاری کی کوششیں جاری تھیں۔ اسی دوران عمارت کے اندر اچانک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، جس سے ارکان، صحافیوں اور عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق چند نامعلوم مسلح افراد نے سینیٹ کی دوسری منزل میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
فلپائنی وزیر داخلہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب سینیٹ حکام کے مطابق رونالڈ ڈیلا روزا عمارت سے فرار ہو چکے ہیں، تاہم ان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت کے مطابق سینیٹر پر سابق صدر روڈریگو دوتیرتے کے دور میں مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں میں کردار کا الزام ہے، جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔