چینی مالکان کا بیوٹی سیلون کے افتتاح پر قرآن خوانی کا اہتمام-پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے ایک بیوٹی سیلون کی افتتاحی تقریب میں مقامی مذہبی و ثقافتی روایات کو اپناتے ہوئے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افتتاحی تقریب کے دوران شرکاء روایتی لباس میں موجود تھے اور قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ کاروبار میں خیر و برکت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب میں موجود افراد نے قرآن خوانی کے بعد اجتماعی دعا کی اور مہمانوں کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔ سیلون کی ایک خاتون اسٹاف ممبر نے بھی مہمانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا اور تقریب میں فعال طور پر شریک رہیں۔
پاکستان میں نئے کاروبار یا گھروں کی بنیاد رکھنے کے موقع پر قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام ایک عام روایت ہے، اور چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے اس روایت کو اپنانے کو مقامی ثقافت اور مذہبی اقدار کے احترام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔