متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میزائل خطرے کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ الرٹ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پہلی مرتبہ جاری کیا گیا۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو موبائل فونز پر پیغامات بھیجے گئے، جن میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور مزید ہدایات کا انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
بعد ازاں حکام نے ایک اور پیغام جاری کرتے ہوئے صورتحال کو محفوظ قرار دیا اور شہریوں کو معمولات زندگی بحال کرنے کی اجازت دے دی، تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید بھی کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس نوعیت کے الرٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔