اسلام آباد: حکومت نے سولر صارفین کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے 25 کلو واٹ اور اس سے کم سولر سسٹم پر لائسنس کی شرط ختم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پاور ڈویژن کی درخواست پر کیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اب چھوٹے سولر صارفین کو لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے عام صارفین کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب مزید آسان ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اس اقدام کو قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لائسنس فیس اور پیچیدہ شرائط سولر انرجی کے پھیلاؤ میں رکاوٹ بن رہی تھیں، جنہیں ختم کر کے عوام کو سہولت دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حکومت کا مقصد ملک میں توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنا اور زیادہ سے زیادہ شہریوں کو صاف اور سستی توانائی کی طرف منتقل کرنا ہے۔