ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ایرانی سفارتخانے کے مطابق یہ ان کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک بھی شریک تھے جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، ایران کے سفیر امیری مقدم اور وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی موجود تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے اور آج ان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے مزید ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے بھی اپنے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے پاکستان آنے کی تصدیق کی ہے۔
امریکا ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے پیش نظر اسلام آباد میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ریڈ زون اور اہم شاہراہوں پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جبکہ شہر میں ریڈ الرٹ نافذ ہے۔