گل پلازہ متاثرین کیلئے300عارضی دکانیں قائم-سانحہ گل پلازہ سے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے میونسپل کارپوریشن نے پولو گراؤنڈ میں 300 عارضی دکانیں قائم کر دی ہیں تاکہ متاثرین جلد از جلد اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ دکانداروں کے لیے ٹینٹ لگا کر عارضی اسٹالز تیار کیے گئے ہیں جہاں بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پانی اور بیت الخلا کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر 50 سٹی وارڈنز تعینات کیے جائیں گے تاکہ تاجروں اور خریداروں کو محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
مرتضیٰ وہاب اور ناصر شاہ کا عارضی اسٹالز کا دورہ
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب اور ناصر شاہ نے پولو گراؤنڈ میں قائم عارضی اسٹالز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے متاثرہ تاجروں کو مختلف مقامات پر مفت جگہ فراہم کی ہے اور عارضی اسٹالز کا مقصد انہیں فوری طور پر کاروبار بحال کرنے کا موقع دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔ گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی،عمارت کا بڑا حصہ منہدم، 6 افراد جاں بحق
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر ساڑھے تین سو تک عارضی اسٹالز تیار کیے گئے ہیں، جو مستقل تعمیراتی عمل مکمل ہونے تک تاجروں کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی جانب سے شہریوں سے معلومات حاصل کرنے کا آج آخری روز ہے۔
متعدد شہری خطوط اور ای میل کے ذریعے کمیشن سے رابطہ کر چکے ہیں۔
کمیشن موصول ہونے والی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ افراد کو طلب کرے گا
جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے ای میل ایڈریس برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔